خضدار: بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال کے بازار میں ہونے والے بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔ دھماکا نال بازار میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی اور متعدد موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملے کا ہدف صمد سمالانی نامی شخص تھا، تاہم وہ دھماکے میں محفوظ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بم دھماکے کی نوعیت اور اس کے پیچھے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے خضدار کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال بھیج دیا گیا۔واقعے کے فوراً بعد لیویز اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ بم دھماکے کے ذمہ دار عناصر کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور مقامی دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر دیں۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع فورسز کو دینے پر زور دیا ہے۔