سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ آصف نے عثمان ڈار اور ان کی والدہ کو ہرجانےکا نوٹس بھیج دیا۔

باغی ٹی وی: خواجہ آصف کی جانب سے عثمان ڈاراور ان کی والدہ کے الزامات پر دونوں کو نوٹس بھیجا گیا، لیگی رہنما نے عثمان ڈار کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا جبکہ عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کو ایک روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے قانونی نوٹس میں 14 روز میں ہرجانہ ادا کرنے کامطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ کچھ روز پہلےعثمان ڈار کی والدہ نےالزامات لگائے تھےکہ خواجہ آصف نے 20 لوگ ان کے گھر بھیجے تھے جنہوں نے انہیں زدوکوب کیا تھا عثمان ڈار نے بھی الزام عائدکیا تھا کہ پولیس ان کےگھر میں وارنٹ گرفتاری کے بغیر گھسی اور خواجہ آصف کی ایما پر ہی 9 مئی کو گھر پر حملہ کیا گیا۔

جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے عثمان ڈار کی والدہ کے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا،اپنے ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا تھا کہ معزز جج کے جمعے کے روز کے عدالتی ریمارکس میڈیا نے رپورٹ کیے، انصاف کا تقاضا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کی انکوائری کا حکم دیا جائے-

عثمان ڈار کی والدہ کے الزامات پر خواجہ آصف نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی انتقامی سیاست سے میرا کوئی تعلق نہیں، میں نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین اور ان کے خاندان کا احترام کیا ہےمیری بیوی تین درجن بار عدالتوں کی پیشیاں بھگت چکی ہیں، میرا بیٹا جس کا سیاست سےکوئی تعلق نہیں اس کے خلاف بھی جھوٹے مقدمے بنائے گئے، میرے ان سیاسی مخالفین نے مشرف اورپی ٹی آئی حکومتوں میں میرے خلاف درخواست بازی کی، میں نے دونوں ادوار میں 6،6 ماہ قید کاٹی لیکن کچھ ثابت نہ ہوسکا، میری ذات کی سیاست عوام سے کمٹمنٹ، اصولوں اور وفاداری پر ہے۔

Shares: