خیبر: پولیس کی کارروائی، 10 کلو چرس اور شراب برآمد، 2 ملزمان گرفتار
خیبر (باغی ٹی وی) خیبر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 10 کلوگرام چرس، 21 بوتل شراب اور 23 بیئر کین برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کے احکامات پر ضلع بھر کے تمام تھانوں میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
میلواڈ انچارج باڑہ پل، مغرب خان نے ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک شخص، ہارون ولد سمین قوم ملکدین خیل سکنہ مصری چوک، کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 3015 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اس کے موبائل میں منشیات کی خرید و فروخت کی لوکیشن، تصاویر اور ویڈیوز بھی موجود تھیں۔ ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے حوالات منتقل کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی میں باڑہ کے سب انسپکٹر شاہ نواز نے نیازی مارکیٹ میں ایک مشتبہ شخص عقل دار کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 7 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم کو بھی مزید تفتیش کے لیے حوالات منتقل کر دیا گیا۔
اسی طرح جمرود کے انچارج نواب شاہ نے وزیرڈھنڈ مارکیٹ میں ایک دکان پر چھاپہ مارا اور 21 بوتل شراب اور 23 بیئر کین برآمد کیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ علاقے کو منشیات سے پاک کیا جا سکے۔