لنڈی کوتل(باغی ٹی وی) ضلع خیبر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 28 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان اور ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسان اللہ، محکمہ صحت کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر ظفر علی خان، محکمہ تعلیم، عالمی ادارہ برائے صحت، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد پولیو حکام نے مہم کے انتظامات، ٹیموں کی سیکیورٹی، والدین میں آگاہی اور انکاری والدین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

مہم کے دوران 945 پولیو ٹیمیں ضلع بھر میں دو لاکھ 8 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ یہ مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے اور ضلع خیبر کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔

Shares: