خیبر (باغی ٹی وی) خیبر بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات مکمل ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ابرار آفریدی بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ سجاد حسین نے جنرل سیکرٹری کا عہدہ اپنے نام کیا ہے۔ دیگر منتخب کابینہ ممبران میں گل جہان جوائنٹ سیکرٹری، محمد آفاق آفریدی فنانس سیکرٹری، ارم برہان پریس سیکرٹری اور قدیر خان و زوہیب ایگزیکٹو ممبران شامل ہیں۔

خیبر بار ایسوسی ایشن کے ان انتخابات کے لیے ریاض خان نے الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دیے، جبکہ نیک رحمان اور جنید خان دیگر ممبران تھے۔ انتخابات میں کل 78 ووٹرز تھے، جن میں سے 77 نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد نو منتخب صدر ابرار آفریدی نے وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، اس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور خاص طور پر اپنے علاقے کے عوام کو آسان اور سستی انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

خیبر بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب جنرل سیکرٹری سجاد حسین نے کہا کہ وکلاء برادری متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات ایک آئینی اور قانونی عمل ہے اور ملک بھر کی طرح خیبر بار میں بھی سالانہ انتخابات برائے 2025 پرامن طریقے سے منعقد ہوئے، جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔

خیبر بار ایسوسی ایشن کی تاریخ میں پہلی بار خواتین نے بھی انتخابات میں حصہ لیا، جس میں ارم برہان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پریس سیکرٹری کا عہدہ جیتا۔ اس موقع پر ارم برہان نے وکلاء برادری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے خیبر بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں پہلی بار حصہ لینے والی خاتون کو ووٹ دے کر کامیاب کیا۔

Shares: