خیبر رائفلز کی بڑی کارروائی،بچے سے منشیات برآمد
خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) طورخم بارڈر ٹرمینل پر خیبر رائفلز نے ایک چھوٹے بچے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو ایک بچے پر شک ہوا جسے تلاشی کے لیے روکا گیا۔ تلاشی لینے پر بچے کے پاس موجود سگریٹس کے ڈبے برآمد ہوئے، جن میں مبینہ طور پر 1.5 کلوگرام آئس (منشیات) چھپائی گئی تھی۔
اس اہم کارروائی کے بعد برآمد شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔
ذرائع نے اس افسوس ناک واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں کو اس طرح کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی کاموں میں ملوث کرنا نہایت افسوسناک اور ناقابل معافی جرم ہے۔ ایسے عناصر جو بچوں کو غلط کاموں میں استعمال کر کے ان کی زندگیاں تباہ کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
عوام اور والدین کو خصوصی طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی مجرمانہ سرگرمیوں سے دور رکھیں اور ان کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ اور روشن ہو۔