خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ)کمشنر پشاور کی زیرنگرانی قبائلی مشران کا جرگہ، امن و ترقی پر مشاورت

تفصیل کے مطابق خیبر میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی قبائلی مشران کا اہم جرگہ منعقد ہوا۔ یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس خیبر میں منعقد کیا گیا، جس میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور قاسم خان، ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راو، ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال، اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات سمیت قبائلی مشران نے شرکت کی۔

جرگہ میں ضلع خیبر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، خاص طور پر تیراہ اور باغ میدان میں حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر ریاض خان محسود نے مشران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جو صرف قبائلی اقوام، نوجوانوں، اور بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز علاقے میں امن کے قیام کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہیں۔

اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ بھوٹان شریف اور پیر میلہ کے متاثرین کے لیے صوبائی حکومت نے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے کی مالی امداد منظور کی ہے، جو جلد متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جائے گی۔ مشران نے جرگہ کے دوران قومی سطح پر خصوصی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا، جو اعلیٰ سول اور عسکری حکام کے ساتھ جرگہ میں شرکت کر کے اپنی سفارشات پیش کریں گی۔

قبائلی مشران نے جرگہ کے انعقاد اور ان کی رائے سننے پر کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاور، اور ضلعی انتظامیہ خیبر کا شکریہ ادا کیا۔ جرگہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات خطے کو امن کا گہوارہ بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

Shares: