لنڈی کوتل(باغی ٹی وی ) ملاگوری میں لینڈ سلائیڈنگ، مزدور جاں بحق
ضلع خیبر کی سب تحصیل ملاگوری کے علاقے لنڈئی میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں پہاڑ گرنے سے شاہد ولد حاجت خان نامی مزدور ملبے تلے دب گیا۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور کچھ دیر بعد مزدور کی لاش نکال لی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، پہاڑ میں کام کے دوران اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کی زد میں آ کر مزدور جاں بحق ہو گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ملاگوری کے ایک علاقے میں کمرے کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں مدرسے کی استانی، جو حافظہ بھی تھیں، جاں بحق ہو گئی تھیں۔ مسلسل پیش آنے والے ان حادثات نے مقامی افراد میں تشویش پیدا کر دی ہے اور حفاظتی اقدامات کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔