خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کی پریس ریلزکے مطابق تنظیم اساتذہ نے حکومت سے اساتذہ کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے اور شہید استاد روح الامین کے قاتلوں کی گرفتاری کی درخواست کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شہید کے لیے شہداء پیکج کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کا ایک اہم اجلاس تنظیم منزل جمرود میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ضلعی صدر شریف اللہ آفریدی نے کی۔ اجلاس میں اساتذہ کے تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ضلع نے کہا کہ حکومت اساتذہ کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے لیے حفاظتی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے تدریس کا عمل متاثر ہونے کا خطرہ ہے، جس کا اثر طلبہ کی تعلیم پر بھی پڑ سکتا ہے۔
اس موقع پر تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ رپورٹ میں اس بات کا ذکر کیا گیا کہ تنظیم نے گزشتہ سال اساتذہ اور طلبا کی خدمت اور تربیت کے لیے بہترین اقدامات کیے اور اس سلسلے کو آئندہ سال بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اجلاس کے آخر میں استاد شہید روح الامین کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر تنظیم کے ذمہ داران نے ایک آواز ہو کر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اساتذہ کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے اور شہید روح الامین کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔