پیپلز پارٹی کے رہنما ، سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہاوسنگ پروجیکٹ سندھ میں بننا شروع ہوگیا ہے
حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے لئے جس طرح کام کیا، وہ مثالی تھا، وومین بینک، خواتین ہاریوں کو زمین مفت دینے کا اقدام، بینظیر کو شہید کیا گیا، آصف زرداری صدر بنے تو ہر وزیراعظم پر 58 ٹوبی کی تلوار لٹکتی تھی جو انہوں نے ختم کی، اور اپنی پاور پارلیمنٹ کو دے کر پارلیمنٹ کو مضبوط کیا، صدر زرداری نے احساس محرومیاں بلوچستان کی ختم کیں، یہ قومی لیڈر ہیں جو عوامی مسائل کو سمجھتے ہیں اور قوم کی امیدوں پرپورا اترتے ہیں، سی پیک آصف زرداری نے شروع کیا،بلاول وزیر خارجہ بنے تو انہوں نے پاکستان کا مقدمہ پوری دنیا میں جس طرح پیش کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کیلئے کچھ کیا، ن پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے شہداء کی لازوال میراث ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قصور یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی تھی جس کا مقصد مسلم ممالک کو متحد کرنے کے لیے اپنا الگ بلاک بنانا تھا۔ اگر بھٹو شہید نہ ہوتے اور یہ بلاک قائم ہوتا تو فلسطین اور لبنان کی موجودہ صورتحال بہت مختلف ہوتی۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور ملک کی معیشت مستحکم ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ سکے اور اس شعبے میں ترقی کی راہ ہموار ہو۔ پیپلز پارٹی حکومت کی جانب سے ہر سطح پر تعمیراتی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع مل سکیں۔ ہ پارٹی کی قیادت، بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سیلاب زدگان کے لیے 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں جو کہ ڈونرز کی مدد سے بنائے جا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے آصف علی زرداری کی سیاست کو سراہتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا اور ملک میں جمہوری عمل کو آگے بڑھایا۔ سی پیک منصوبہ بھی آصف زرداری کی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے جس نے پاکستان کی معیشت کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں اور دونوں ملکوں چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے۔ پی ٹی آئی ہمیشہ جھوٹ بولنے کی سیاست کرتی آئی ہے اور اس کے قائدین نے کئی بار عوام کو گمراہ کیا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے دعوے کے مطابق 300 افراد مارے گئے ہیں تو ان کی فہرستیں کہاں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو ان افراد کی تدفین ہوئی اور نہ ہی ان کے نام سامنے آئے۔تشدد کے ذریعے اپنی بات منوانے کی کوشش کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی شخص گولیاں اور شاٹ گن لے کر مظاہرے میں شریک ہوتا ہے؟ اگر کسی کے گھر کے باہر ایسے افراد آتے ہیں تو کیا ان کا استقبال پھولوں سے کیا جائے گا؟ یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی کے کچھ ارکان کی جانب سے طالبان اور اسرائیل کی حمایت میں بیانات آئے ہیں، جو کہ ملک کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان کا قانون کسی بھی سیاسی جماعت کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ ایک سنگین معاملہ ہے جس پر حکومت کو سختی سے کارروائی کرنی چاہیے۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ملک کی معیشت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتی رہے گی اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔پاکستان پیپلز پارٹی کا عزم اور اس کے رہنماؤں کی طرف سے مسلسل کوششیں ملک کو ایک مستحکم اور ترقی یافتہ مستقبل کی طرف لے جائیں گی۔