آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان ، کون بنا کپتان؟

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان ، کون بنا کپتان؟

روحیل نذیر کپتان برقرار، ملتان کے 16سالہ محمد شہزاد اور ٹیسٹ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اسکواڈ کا حصہ ، یکم ستمبر 2000 یا اس سے کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی انتخاب کے اہل تھے،جونیئر سلیکشن کمیٹی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں شامل کیا ،سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ امید ہے منتخب کردہ تمام کھلاڑی ہماری توقعات پر پورا اتریں گے،

قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے 15رکنی قومی انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ آئندہ سال 17 جنوری سے9فروری تک جنوبی افریقہ میں جاری رہے گا۔اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھتے ہوئے اوپنر حیدر علی کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2004 بنگلہ دیش اور 2006 سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے۔ پاکستان ایونٹ کے 3 ایڈیشنز میں رنرزاپ بھی رہ چکا ہے۔ 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔آئندہ سال17 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ 9 فروری کو ہوگا۔

ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 19جنوری کوسکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف اسٹروم میں کھیلاجائے گا۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں ا پنا دوسرا میچ22 جنوری کو زمباوے کے خلاف بلوم فاؤنٹین میں کھیلے گی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 24 جنوری کو جے پی مارک اوول میں مدمقابل آئیں گی۔ ہر گروپ سے 2 بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کے لیے نبردآزمائی کریں گی۔

ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری کو ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):

اوپنرزمیں عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان) شامل ہیں،مڈل آرڈرزمیں محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور) شامل ہیں، وکٹ کیپر میں روحیل نذیر(کپتان) ،آلراؤنڈرزمیں عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (فیصل آباد)،اسپنرزمیںعامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی) اورفاسٹ باؤلرزمیں عامر خان (پشاور)، نسیم شاہ (لاہور) اور طاہر حسین (ملتان) شامل ہیں.

ٹیم منیجمنٹ میں اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انصاری( سیکورٹی منیجر) شامل ہیں،

سلیم جعفر، سربراہ قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے قومی انڈر 19 ٹیم کا حصہ بننے پر تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں شمولیت کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاہم جن کھلاڑیوں کا نام اسکواڈ میں شامل نہیں انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔

سربراہ جونیئر سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے میگا ایونٹ کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب کردہ کھلاڑیوں نے حال ہی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، امید ہے تمام کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

سلیم جعفر نے کہا کہ عامرخان، آرش علی خان اور محمد حریرہ کے علاوہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اس سے قبل رواں سال قومی جونیئر ٹیم کی نمائندگی کرچکےہیں۔

تین کھلاڑی، عماد بٹ، اختر شاہ اور صائم ایوب، انجریز کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔دس جنوری 2020 تک قومی انڈر 19 ٹیم میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی اجازت درکار نہیں ہوگی تاہم 11 جنوری سے اسکواڈ میں تبدیلی فٹنس مسائل کے باعث کی جاسکتی ہے مگر اس کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت ضروری ہے۔

کپتان روحیل نذیر دوسری بار آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کریں گے۔ گذشتہ سال اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں سنچری اسکور کرنے والے روحیل نذیر کواے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2019کے لیے بھی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روحیل نذیر نے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ 2019 کےفائنل میں بھی شاندار سنچری اسکور کی تھی۔ وہ رواں سال 5فرسٹ کلاس میچز میں 170رنزبناچکے ہیں۔

حیدر علی (نائب کپتان) جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 317 اور دورہ سری لنکا پر 214 رنز بنانے والے حید ر علی نے گذشتہ ماہ اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ 2019 کے 5میچوں میں 218 رنزبنائے تھے۔ حیدر علی رواں سال6فرسٹ کلاس میچز میں503 رنزبناچکےہیں۔

18 سالہ کرکٹر عامر خان قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں 18وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2 ایک روزہ میچوں میں بھی 1 وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے 3میچوں میں 5وکٹیں حاصل کیں۔

عباس آفریدی نے جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ایشیا کپ کے کل 13 میچوں میں 17وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 129 رنز اسکور کیے۔گذشتہ تین سال قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے عباس آفریدی نے رواں سال ایونٹ میں شرکت نہیں کی۔

17سالہ کرکٹر کاقومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچواں نمبر ہے۔ ایونٹ میں 246 رنز بنانے والے عبدالواحد بنگلزئی قومی تین روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 276 رنز بناکر چھٹے بہترین بیٹسمین قرار پائے تھے۔ وہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ بھی کھیل چکےہیں۔

بائیں ہاتھ کے اسپنر 18 سالہ عامر علی نے رواں سال فرسٹ کلاس ڈیبیو میں ایک وکٹ حاصل کی تھی۔اس سے قبل وہ دورہ جنوبی افریقہ میں 13 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے بہترین باؤلر قرار پائے تھے۔ اے سی سی ایشیا کپ کے 3میچوں میں 4وکٹیں حاصل کرنے والے عامر علی قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 7 اور قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 28 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

آرش علی خان 15 وکٹیں حاصل کرکے قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر قرار پائے ۔ وہ تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں30 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کےدوسرے بہترین باؤلر رہے۔آرش علی خان پہلی بار قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

فہد منیر نے دورہ جنو بی افریقہ میں 5وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 170 رنز بنائے تھے۔ وہ اس سال قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرسکے۔

دورہ جنوبی افریقہ میں 275 جبکہ ایشیا کپ میں 96 رنز اسکور کرنے والے محمد حارث کا تعلق پشاور سے ہے۔

قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 342 رنزبنانے والے محمد حریرہ تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 358 رنز اسکورکرکے تیسرے بہترین بلے باز قرار پائے تھے۔

اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر رہنے والے محمد عرفان خان دورہ جنوبی افریقہ پر 208 اور قائداعظم ٹرافی کے 10 نان فرسٹ کلاس میچز میں 475رنز بناچکے ہیں۔

16 سالہ محمد شہزاد نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے تین میچوں میں 26 جبکہ پاکستان میں کھیلے جانے والے تین میچوں میں 72 رنزبنائے تھے۔

آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں 4 اور جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز میں 12 جبکہ قائداعظم ٹرافی کے4 میچز میں 18 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

طاہر حسین نے قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں 6وکٹیں حاصل کیں۔

قاسم اکرم قومی ایک روزہ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں 296 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 3وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے قومی تین روزہ انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ میں 260 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 15وکٹیں حاصل کیں۔ایشیا کپ کے 4میچوں میں 30وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں بالترتیب 77 اور 124 رنزبنائیں۔

Comments are closed.