برطانیہ کے پرنس ہیری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد شاہ چارلس اب ان سے بات نہیں کرتے اور وہ یہ تصور بھی نہیں کر سکتے کہ وہ اپنی فیملی کو دوبارہ برطانیہ لے کر آئیں، یہ انکشاف اس وقت ہوا جب ایک عدالت نے ان کی سیکیورٹی کے انتظامات کے بارے میں مقدمہ میں فیصلہ ان کے خلاف سنایا۔
بی بی سی کو دیے گئے ایک تہلکہ خیز انٹرویو میں، جہاں پرنس ہیری جذباتی دکھائی دیے، انہوں نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا جس کے بعد ان کے مطابق یہ "ناممکن” ہو گیا ہے کہ وہ اپنی بیوی میگھن اور اپنے دو چھوٹے بچوں کے ساتھ دوبارہ برطانیہ واپس آئیں۔پرنس ہیری نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، جو سیکیورٹی کے مسئلے کی وجہ سے بگڑ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ "میرے والد مجھ سے بات نہیں کرتے کیونکہ یہ سیکیورٹی کا مسئلہ ہے۔”
کینیڈا کی صحافی ندا بشیر نے لندن کی عدالت کے باہر اس معاملے پر رپورٹنگ کی، جہاں عدالت نے پرنس ہیری کی اپیل کو مسترد کر دیا تھا جس میں انہوں نے برطانیہ میں اپنے اور اپنے خاندان کی سیکیورٹی کے بارے میں حکومت کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
برطانوی حکومت نے 2020 میں پرنس ہیری اور میگھن کے سینئر شاہی عہدوں سے دستبردار ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی میں کمی کر دی تھی۔ پرنس ہیری نے کہا، "جب یہ فیصلہ آیا، تو میں یقین نہیں کر سکا۔ میں نے سوچا تھا کہ ان تمام اختلافات اور ہنگاموں کے درمیان، ایک چیز جس پر میں بھروسہ کر سکتا تھا وہ تھا میرا خاندان جو مجھے محفوظ رکھے گا۔”پرنس ہیری اور ان کی بیوی میگھن نے 2020 میں امریکہ منتقل ہونے کے بعد کیلیفورنیا میں رہنا شروع کیا تھا، جہاں وہ اپنے بچوں، پرنس آرچی اور پرنسس لِلبیٹ کے ساتھ رہ رہے ہیں۔یہ کیس پرنس ہیری کے لیے ذاتی حیثیت رکھتا تھا کیونکہ انہوں نے اس سے پہلے بھی کہا تھا کہ ان کے لیے اپنے خاندان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے جب وہ برطانیہ کا دورہ کریں۔ "میں اس پورے عمل میں صرف ایک ہی چیز مانگ رہا ہوں اور وہ ہے حفاظت،” ااس انٹرویو میں پرنس ہیری نے اپنی والدہ، لیڈی ڈیانا کی موت کا ذکر کیا، اور کہا کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ جو سلوک دیکھ رہے ہیں، وہی سلوک ان کی والدہ کے ساتھ بھی کیا گیا تھا۔ لیڈی ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئیں تھیں
پرنس ہیری نے شاہی خاندان کے ساتھ اپنے تعلقات میں دراڑوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اس معاملے میں سب سے بڑی رکاوٹ سیکیورٹی کے انتظامات ہیں۔ "یہ وہ واحد چیز ہے جو باقی بچی ہے،” انہوں نے کہا۔ "یقیناً، میرے خاندان کے کچھ افراد مجھے کبھی معاف نہیں کریں گے کہ میں نے کتاب لکھی۔ وہ مجھے اور بھی بہت سی چیزوں کے لیے معاف نہیں کریں گے، لیکن میں چاہتا ہوں کہ فیملی کے ساتھ صلح ہو۔ اب اور لڑائی جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔”
پرنس ہیری کی کتاب "اسپئیر” 2023 میں شائع ہوئی، جس میں انہوں نے شاہی خاندان کی زندگی کے بارے میں کئی ذاتی اور حساس پہلوؤں کا انکشاف کیا۔ بعد میں اسی سال، پرنس ہیری نے اپنے والد کی تاجپوشی کی تقریب میں مختصر طور پر شرکت کی تھی، جہاں وہ اپنے چچا پرنس اینڈریو کے ساتھ تیسری قطار میں بیٹھے تھے۔
پرنس ہیری نے کہا کہ وہ شاہ چارلس کے ساتھ تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں، حالانکہ ان کے درمیان اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا، "مجھے نہیں پتہ کہ میرے والد کے پاس کتنے دن ہیں۔ وہ مجھ سے بات نہیں کرتے کیونکہ یہ سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، لیکن پھر بھی یہ اچھا ہوگا کہ ہم مفاہمت کریں۔”








