کرمانی ویلفیئر فاؤنڈیشن موڑکھنڈا کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرات کا انعقادکیاگیا

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) کرمانی ویلفیئر فاؤنڈیشن موڑ کھنڈا کے زیر اہتمام کنٹری کالج میں مقابلہ حسن قرات کا انعقاد کیا گیا، جس میں پچاس سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔ اس مقابلے میں مختلف سرکاری و نجی سکولوں اور دینی مدارس کے طلباء نے شرکت کی۔ کنٹری گروپ آف کالجز کے ڈائریکٹر مہر احمد علی پڈھیار نے پروگرام کی صدارت کی۔

مقابلے میں امیدواروں نے خوبصورت انداز اور منفرد آواز میں تلاوتِ کلام پاک پیش کی، جس سے محفل میں سماں بندھ گیا۔ حافظ افتخار احمد، حافظ محمد بلال، اور حافظ محمد ذوہیب نے ججز کے فرائض انجام دیے۔

مقابلے کے نتائج میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول موڑکھنڈا کے حافظ غلام مصطفیٰ نے پہلی پوزیشن، جامعہ غوثیہ تعلیم القرآن کے حافظ محمد اکرام نے دوسری اور جامعہ محمد سیفیہ کے حافظ علی حسنین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کرمانی ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے پہلی پوزیشن پر دس ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر پچھتر سو روپے، اور تیسری پوزیشن پر پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ تمام امیدواروں کو یادگاری سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

اس موقع پر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ملک محمد ساجد، صدر وقار علی گھگھ، جنرل سیکرٹری حافظ کاشف محمود اور دیگر مقررین نے کہا کہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس مقابلے کا مقصد بچوں کو تلاوتِ کلام پاک کی طرف راغب کرنا اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دینا قرار دیا تاکہ وہ باعمل مسلمان بن کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔

Comments are closed.