حکومت اورکسان اتحاد میں مذاکرات کامیاب،دھرنا ختم کرنے کا اعلان

حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد کسان اتحاد نے اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دھرنے کے شرکا کو بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر آئندہ 10دنوں میں کسانوں کیلئے جامع پلان کا اعلان کیاجائے گا، کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے 3 وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔

وزیرداخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ کسانوں کے مطالبات پر وزراء پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے، تمام مسائل کو اچھے انداز میں حل کریں گے۔کسان اتحاد اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس کے بعد وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کسانوں کے دھرنے میں پہنچے۔

دھرنے سے خطاب میں رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ کسانوں کے مطالبات پر وزیراعظم نے کمیٹی بنادی ہے جو کل سے کسانوں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات دیکھے گی۔ان کا کہنا تھاکہ فیول ایڈجسمنٹ چارجز اور موجودہ بجلی بلوں کی ادائیگی کو مؤخر کرنے کا مطالبات منظور کرلیے گئے ہیں۔

وزیرداخلہ کا کہناتھاکہ کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا، کسانوں کے مسائل صرف ان کے ہی نہیں ہمارے ذاتی مسائل ہیں لہٰذا درخواست ہے کسانوں کی ٹیم کے سوا دیگر اب اپنے گھروں کو واپس جائیں۔وزیرداخلہ کے اعلان کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔خیال رہے کہ کسانوں نے اپنے مطالبات کے حق میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کئی روز سے دھرنا دے رکھا تھا۔

اس موقع پر چئیرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے سات روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کااعلان کیا، اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں مطالبات پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی، شرط رکھی تھی کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کسانوں کے پاس آ کر اعلان کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جو بل 6 اکتوبر کو کسانوں نے ادا کرنا تھا،اب وہ بل چھے ماہ کی اقساط میں ادا کیا جائے گا،ہمارے تمام مطالبات کو منظور کر لیا گیا ۔

خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا کہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا ٹیکس بلوں میں نہیں لگے گا،کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا، پہلے دن سے رانا ثنا اللہ سے ہمارے مزاکرت چل رہے تھے، انہوں نے بہت ساتھ دیا۔

Comments are closed.