وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی بھتہ خوری کا معاملہ سنجیدہ ہے تاہم بزنس کمیونٹی کے مسائل بھی حل کیے جاتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بھتہ خوری کا معاملہ سنجیدہ معاملہ ہے، کچھ تاجروں کو بھتا نہ دینے پر دھمکیاں آئی ہیں، چاہتے ہیں کہ کاروبار پھلے پھولے، کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ کوئی لوگوں کو تنگ کرے،کراچی میں بھتہ خوری میں ملوث 4 افراد مقابلے میں مارے گئے اور 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سی آئی اے اور ایس آئی یو نے 2ہفتے میں 20سے زیادہ بھتہ خور گرفتارکیے، پورے سال میں بھتہ خوری کی 118 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، بھتےکے رپورٹ ہونے والے 44 کیس ذاتی اختلافات کے تھے، پولیس نے سال بھر میں 43 بھتہ خور پکڑے ہیں، پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کا پیچھا کررہے ہیں، کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں 28 فیصد کمی آئی ہے اور گاڑیاں چھینے کی وارداتوں میں 19 فیصد کمی آئی ہے۔