سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی حالیہ فضائی جارحیت کو پاکستان کی افواج کے ہاتھوں عبرتناک شکست قرار دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ "بسنت میں بھی ایسے پتنگ نہیں کٹتیں جیسے بھارتی جہاز کٹے ہیں”۔ ان کا یہ بیان عوامی جذبات کی مکمل عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی عزائم کو چند لمحوں میں مٹی میں ملا دیا۔
وزیر دفاع نے یہ بات سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں طالبات کا ایک نمائندہ وفد اظہارِ یکجہتی کے لیے ان سے ملاقات کے لیے پہنچا۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر جذباتی انداز میں کہا کہ یہ بچے اور بچیاں جس انداز میں اپنی افواج اور وطن سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں، وہ ثابت کرتا ہے کہ قوم یکجان اور متحد ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 10 مئی کی رات پاکستان کی عسکری تاریخ کا فیصلہ کن موڑ تھا، جب پاکستان کی تینوں افواج نے مکمل ہم آہنگی، مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے جدید ترین جنگی جہازوں، ڈرونز اور میزائل سسٹمز کو تباہ کر کے رکھ دیا۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ قیادت اور بروقت حکمت عملی نے دشمن کے خواب چکناچور کر دیے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تمام عرصے کے دوران قوم کی قیادت کی اور ہر لمحہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی، عسکری اور عوامی اتحاد نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت مشرقی سرحد پر جو جنگی غرور لے کر آیا تھا، وہ پاک افواج نے چند منٹوں میں "بسنت کے پتنگوں” کی طرح کاٹ کر رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ:
"جو قومیں اپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہیں، تاریخ بھی انہیں یاد رکھتی ہے۔ لیکن جو قومیں اپنی قربانیوں کو بھول جاتی ہیں، تاریخ بھی انہیں فراموش کر دیتی ہے۔”
خواجہ آصف نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی کوئی حرکت کرنے کی کوشش کی تو اس کا انجام اس سے بھی عبرتناک ہوگا۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "اس وقت مودی اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔”
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ قوم کو اب دراڑوں کے بجائے اتحاد کے شفاف آئینے میں دیکھنا ہوگا۔ افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو بھی اب سوچ لینا چاہیے کہ جب قوم ایک ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔
خواجہ آصف نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ مشرقی سرحد پر فتح پاکستان کی طاقت کا محض ایک مظاہرہ ہے، اصل امتحان مغربی محاذ پر ہوگا، اور وہاں بھی پاکستان سرخرو ہوگا۔