نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے بارشوں اور سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے جانی نقصان کی اعداد و شمار جاری کر دیئے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ملک بھر میں 41 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 29 مرد، 9 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، بارشوں اور سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوا، گلگت بلتستان میں 11 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، سندھ میں بھی بارشوں سے 11 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون سیزن کے دوران،بارشوں کے باعث اب تک ملک بھر میں 748 افراد جاں بحق اور 978 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 459 مرد، 11 خواتین اور 178 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 475 مرد، 243 خواتین اور 260 بچے شامل ہیں، بارشوں اور سیلاب میں ملک بھر میں 990 مکان گرے اور 3 ہزار 898 مویشی بھی ہلاک ہوئے،اب تک پنجاب میں 165، خیبر پختونخوا میں 446 اور سندھ میں 40 افراد جاں حق ہو چکے، اسی طرح گلگت بلتستان میں45، آزاد کشمیر میں 22 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

دوسری جانب پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) نے خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ، بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ڈیٹا بھی جاری کیا ہےجس کے مطابق کے پی میں بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر377 افراد جاں بحق جبکہ 182 زخمی ہوئے، کے پی میں سیلاب سے مجموعی طور پر1377 گھروں کو نقصان پہنچا، 1022 گھروں کو جزوی جبکہ 355 گھر مکمل گر گئے،بونیر،صوابی،باجوڑ،مانسہرہ میں کلاؤڈ برسٹ،بارشیں اور سیلاب کےباعث حادثات پیش آئے، صرف بونیر میں 228 افراد جاں حق ہوئے۔

Shares: