تنگوانی، باغی ٹی وی (نامہ نگار منصور بلوچ)کندھ کوٹ ضلع بھر میں ڈاکو راج کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے شہری سڑکوں پر نکل آئے
تفصیل کے مطابق کندھ کوٹ شہر کی مختلف سیاسی سماجی کاروباری مذہبی تنظیموں اور ہر مکتبہ فکر پر مشتمل امن کھپے تحریک کی کال پر امن مارچ ریلی نکالی گئی، امن مارچ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے لیکر پریس کلب تک نکالی گئی
امن مارچ ریلی کی قیادت امن کھپے مارچ تحریک کے سربراہ سماجی رہنما غلام مصطفیٰ میرانی اور دیگر نے کی ، امن مارچ میں شہر کی مختلف سیاسی، سماجی ،کاروباری ،مذہبی ،تاجر وکلا ،صحافی ،ڈاکٹرز اور ہر مکتبہ فکر کے افراد مغویوں کے ورثاء اور نجی اسکولوں کے طلبہ سینکڑوں کی تعداد میں شریک تھے
امن مارچ ریلی کے شرکاء نے امن کے سفید جھنڈے اٹھا کر ضلع بھرمیں امن و امان کی بحالی اور ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے زوردار نعرے بازی کی
امن مارچ رہنماؤں نے کہا کہ کشمور، کندھ کوٹ ضلع ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے، عوام غیر محفوظ ہو کر خوف میں مبتلا ہو کر زندگی بسر کر رہے ہیں ، ضلع بھر سے 30 سے زائد مغوی ڈاکوؤں کے قید میں ہیں اور آئے روز جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
امن مارچ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے کچے میں ڈرامائی انداز میں آپریشن سوشل میڈیا اور فوٹو سیشن پر محدود ہو کر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے دوروں سے بھی کوئی فوائد حاصل نہیں ہوئے، امن و امان بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو چکا ہے۔ ضلع بھر میں ایسی ابتر صورتحال کا وفاق اور سندھ حکومت کو عوام کا نوحہ سنائی نہیں دے رہا ہے ۔ ضلع بھر کا کوئی ایسا علاقہ اور کوئی ایسی سڑک نہیں جہاں شہریوں کی جان و مال محفوظ ہو ۔
امن مارچ کے رہنماؤں نے ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں وفاقی اداروں کی مدد سے پکا آپریشن کر کے جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کیا جائے اور تمام مغویوں کو بازیاب کروا کر عوام کو جینے کا حق دیا جائے ۔
امن مارچ کے رہنما غلام مصطفیٰ میرانی ،حافظ نصر اللہ چنہ ،منظور احمد کھوسہ ،ظریت بجارانی ،دلمراد ڈاہانی ،اکرم باجکانی،سجاد بروہی،لالا عبد الفتاح پٹھان،میر فائق علی جکھرانی ،بشیر احمد میرانی ،ڈاکٹر سریش آنند،دیوان لال،ہریش کمار ،عبدالعزیز سومرو ،طارق باجکانی،ابراہیم خاکی،اشوک کمار ،اظہر سہریانی ،ڈاکٹر وقار خواجہ ،نظیر احمد سومرو ،عبدالکریم شیخ ،ریاض احمد ڈاہانی اور دیگر شامل تھے.