کندھ کوٹ : جشن آزادی کی تقریب،قومی پرچم لہرایا گیا

کندھ کوٹ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمختیاراعوان ) پورے ملک کی طرح کندھ کوٹ میں بھی یوم آزادی کا جشن جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر منی اسٹیڈیم کندھ کوٹ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز ڈپٹی کمشنر امیر فضل اویسی اور دیگر معززین کے ہاتھوں پاکستانی پرچم کشائی سے ہوا۔

سندھ پولیس نے گارڈ آف آنر پیش کرکے تقریب کی رونق بڑھائی۔ اس کے بعد ایک پروقار تقریب کا آغاز ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ، مختلف سیاسی و سماجی تنظیمیں، شہری، اساتذہ، طلباء اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

تقریب میں طلباء نے حب الوطنی کے حوالے سے مختلف تقریریں کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارے بڑوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے سندھ کے لوگوں کے پاکستان کی آزادی میں اہم کردار کو بھی یاد کیا۔

تقریب کے اختتام پر طلباء کو انعامات دیے گئے اور تمام مہمانوں کو مٹھائی پیش کی گئی۔ رات کو کیک کاٹا گیا اور آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Leave a reply