کوٹ چھٹہ:حلقہ این اے 186 اور پی پی 290/291 کی خستہ حال سڑکیں ،عوام کا فوری تعمیر کا مطالبہ
کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی، تحصیل رپورٹر)حلقہ این اے 186 اور پی پی 290/291 کی خستہ حال سڑکیں ،عوام کا فوری تعمیر کا مطالبہ
تفصیل کے مطابق تحصیل کوٹ چھٹہ کے حلقہ این اے 186 اور پی پی 290/291 میں مرکزی سڑک کی خستہ حالی منتخب نمائندوں کی لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت بن چکی ہے۔ بستی تالپور تا جام پور روڈ جس میں پل 30 سے سیفن شوریہ تک کا علاقہ شامل ہے، مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے۔ اس سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے آنے جانے والوں خصوصاً مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ حلقہ لغاری سرداروں کا ہے جہاں سے ایم این اے اور ایم پی اے منتخب ہو چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود یہ پانچ سے چھ کلومیٹر کا ٹکڑا ابھی تک تعمیر نہیں کیا جا سکا۔ حالیہ منصوبے میں چوٹی زیرین سے بستی تالپور تک کے پل 14 تک تعمیر ہونے والا روڈ دوبارہ اکھاڑ کر بنایا گیا جو سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ ٹوٹے ہوئے روڈ کے نزدیک بھی جانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
اہلِ علاقہ نے سردار اویس احمد خان لغاری، سردار احمد خان لغاری، سردار علی یوسف خان لغاری اور ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ڈیرہ غازی خان میر محمد مرزا خان تالپور سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روڈ کی فوری تعمیر کروائیں تاکہ لوگوں کی آمدورفت آسان ہو سکے۔ یاد رہے کہ پل 14 بستی تالپور سے پل 30 تک پی ٹی آئی ایم این اے سردار محمد خان لغاری کے ذریعے کارپٹ روڈ بنانے کے لیے گرانٹ منظور کی گئی تھی مگر حکومت کی تبدیلی کے بعد دوسرا حصہ تاحال نامکمل ہے۔
عوام کی طرف سے منتخب نمائندوں سے یہ اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد اس روڈ کی تعمیر کروائیں تاکہ عوام ان کے احسان کو یاد رکھتے ہوئے جنرل الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کرا سکیں۔