کوٹ چھٹہ،باغی ٹی وی( تحصیل رپورٹر مرید حسین ٹالپور)رمضان کی آمد پر مہنگائی بے قابو، غریب روزہ دار پریشان
ماہِ مقدس کی آمد پر ناجائز منافع خوروں نے مہنگائی کا جن بوتل سے نکال دیا، جس سے غریب روزہ دار شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ میڈیا کی نشاندہی کے باوجود ضلعی انتظامیہ کوئی عملی اقدامات نہ کر سکی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ کے نواحی علاقے بستی تالپور پل 14 میں رمضان المبارک کے آغاز سے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کھجور کی قیمت 300 روپے فی کلو سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو ہو گئی، جبکہ چینی کی قیمت 6500 روپے بوری سے بڑھ کر 7500 روپے بوری تک جا پہنچی ہے۔ برائلر گوشت 500 روپے سے 700 روپے فی کلو ہو چکا ہے، جبکہ بڑے گوشت کی قیمت میں بھی 100 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سیب 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو، امرود 100 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہو چکا ہے۔ دیگر پھلوں جیسے مالٹا، اسٹرابیری، گنڈیری اور کیلا کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، انڈوں کی قیمت 260 روپے درجن سے بڑھ کر 300 روپے درجن ہو گئی ہے، جبکہ کئی جگہوں پر انڈے نایاب ہو گئے ہیں۔
سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آلو کی سرکاری قیمت 200 روپے فی 5 کلو مقرر کی گئی تھی، لیکن بازار میں 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ مرچیں 58 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، جبکہ سبز دھنیا 5 روپے کے بجائے 30 روپے گڈی اور پودینہ 6 روپے کے بجائے 15 روپے گڈی میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور کولڈ اسٹوریج مالکان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے اور قیمتوں کو اعتدال میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔