لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ذہنی معذور 23 سالہ لڑکی آمنہ کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم شخص لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال کے باہر چھوڑ کر فرار ہوگیا، جہاں ابتدائی طبی معائنے میں یہ انکشاف ہوا کہ متاثرہ لڑکی ایک ماہ کی حاملہ ہے۔

واقعہ سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کی جائے۔پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں جنسی زیادتی اور سنگین جرائم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی ذہنی معذور ہے اور کافی عرصے سے جنسی استحصال کا شکار بنائی جاتی رہی۔نامعلوم شخص اسپتال کے باہر لڑکی کو چھوڑ کر فرار ہوا، جس کی تلاش کے لیے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔میڈیکل رپورٹ میں لڑکی کے حاملہ ہونے کی تصدیق کے بعد تفتیش مزید اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، تاہم اب تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

Shares: