کوٹ مبارک،باغی ٹی وی (نامہ نگارامداد اللہ تھہیم)کوٹ مبارک پولیس اسٹیشن کی تعمیرات میں محکمہ بلڈنگ کی لاپرواہی یا کرپشن؟
تفصیل کے مطابق ڈیرہ ڈغازیخان کوٹ مبارک پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کی تعمیر میں سنگین کرپشن اور ناقص میٹیریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کے لئے جو ٹھیکہ دیا گیا ہے اس میں کم معیار کا میٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف عمارت کی پائیداری پر سوالات اٹھتے ہیں بلکہ اس کے طویل عرصے تک کارآمد رہنے کا بھی خطرہ ہے۔
بنیادی ساخت میں ناقص میٹیریل کا استعمال کیا جا رہا ہے جو عمارت کو وقت سے پہلے ناقابل استعمال بنا سکتا ہے۔ یہ معاملہ کرپشن اور بدعنوانی کا واضح ثبوت ہے۔ محکمہ تعمیرات کے افسران نے مرضی کے ٹھیکیدار کو ٹینڈر ذریعے اپنے ذاتی مفادات کے لئے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے جو کہ عوام کےٹیکس کے پیسوں کی بدترین لوٹ مار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ٹھیکے میں ملوث افراد نے اپنے حصے بٹورنے کے لئے عمارت کی معیار پر سمجھوتہ کیا، جس سے نہ صرف پولیس اسٹیشن کی عمارت کی زندگی کم ہو گی بلکہ عوام کے ٹیکس کےپیسے بھی ضائع ہوں گے۔ اگر یہ صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو کرپشن اور مافیاز کے اثرات مزید گہرے ہو جائیں گے اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہ ہونے کی صورت میں اس طرح کے واقعات میں مزید اضافہ ہو گا۔
اعلیٰ افسران اور حکومتی ذمہ داران سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس کرپٹ مافیا کے خلاف فوری قانونی کارروائی کریں اور ایسے منصوبوں کی نگرانی کے عمل کو مزید شفاف بنائیں تاکہ قومی خزانے کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ ایسے کرپٹ مافیاز کے خلاف سخت کارروائی کر کے ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن کو روکنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی وسائل کا درست استعمال ہو سکے اور ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔