آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں اسکریپ کے ایک گودام میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 سے زائد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا اسکریپ کے گودام میں اُس وقت ہوا جب وہاں کام جاری تھا۔ زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد آس پاس کے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے باعث گودام کے کچھ حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹلی منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،دھماکے میں شمالی ساکن چارسدہ،عبداللہ ساکن تتہ پانی،محمد ساکن باجوڑ جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمیوں میں اویس ساکن باجوڑ،غفار ساکن مہمند ایجنسی،جاوید ساکن مہمند ایجنسی،شاداب ساکن تتہ پانی شامل ہیں

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ علاقے کے رہائشیوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکریپ یارڈز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

Shares: