بلوچستان، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں جن میں پولیس اہلکار شہید، دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

کیچ ضلع کے علاقے خیرآباد، تربت میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مقامی دکاندار کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق فہد ولد عبدالصمد اپنی دکان میں موجود تھا کہ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اچانک حملہ کر دیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ لاش ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ قتل کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں۔

تربت کے نواحی علاقے میری بِگ میں نامعلوم حملہ آوروں نے فرنٹیئر کور کیمپ کو نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق کیمپ کے اندر سے لگاتار فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں اور مقام سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔ حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خیبر ضلع کے علاقے بارہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے زرشد گروپ کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر مواد برآمد کیا گیا۔ حکام کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت تمام دہشت گرد نیٹ ورک کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن میں کالعدم بی ایل اے کے کمانڈر ڈاکٹر سربلند کو ہلاک کردیا، جسے متعدد حملوں اور منصوبہ بندی میں مطلوب قرار دیا جاتا تھا۔ حکام کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے کو سیل کرکے مزید شواہد اکٹھے کیے گئے۔

لکی مروت میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے مقامی کمانڈر والی عرف ”والو“ کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے گزشتہ ماہ مرکوٹ بیٹنی موومنٹ کے چیئرمین عنایت اللہ مروت کو ویڈیو پیغام میں قتل کی دھمکی دی تھی۔

ٹانک میں فقیرا کے مقام پر دہشت گردوں نے پولیس گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار گل اسلم زخمی ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کرّم ضلع میں دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے جن میں 12 اور 11 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد اہم اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ڈی آئی خان کے ہتھالہ کے علاقے کلاچی میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں پولیس کی بکتربند گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے دو اہلکار شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈی آئی خان کے علاقے کھوئی بہارہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی/فتنہ الخوارج کے تین شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ دہشت گرد اہم تنصیبات اور حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گرینیڈ اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے۔

بنوں کے علاقے میریان میں دو کالعدم گروہوں کے درمیان جھڑپ میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔ فائرنگ کا تبادلہ کمانڈر قاری جلیل کے کمپاؤنڈ پر ہوا۔ پولیس نے علاقے کو سیل کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Shares: