میر علی کے علاقے پٹسے اڈہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔ابتدائی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت سعدیق کے نام سے ہوئی، جو فورسز پر متعدد حملوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تحقیقات جاری ہیں تاکہ دہشت گرد کے معاون نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔

ٹانک میں نامعلوم حملہ آوروں نے دو ٹی ٹی پی کمانڈروں طور بیتنی اور شاہ زیب بیتنی کے گھر کو آگ لگا دی۔مقامی ذرائع کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ پورا گھر راکھ کا ڈھیر بن گیا، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جن میں داخلی دشمنیاں اور شدت پسندوں کے آپسی اختلافات بھی شامل ہیں۔

لکی مروت کے علاقے شہباز خیل میں دہشت گردوں نے گیس پائپ لائن کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا، جس سے پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا اور پنجاب کی جانب جانے والی سپلائی متاثر ہوئی۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ تکنیکی ٹیموں نے مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔

بنوں کے لُنڈی ڈک علاقے میں عوام اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک مشتبہ دہشت گرد نواب کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق عوامی تعاون نے کارروائی کو کامیاب بنایا۔ ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے شیخ لُنڈی ڈک پولیس پوسٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

کلاچی تحصیل میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی خفیہ کارروائی کرتے ہوئے 10 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں انتہائی مطلوب کمانڈر عالم محسود بھی شامل تھا۔هلاک ہونے والوں میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں بارودی مواد، خودکش جیکٹس، آئی ای ڈیز اور جدید اسلحہ برآمد ہوا۔ذرائع کے مطابق عالم محسود 2008 کے نواز کوٹ حملے، 2010 کے بنوں جیل حملے اور 2014 کے فوجی پوسٹ حملے میں ملوث تھا۔

باجوڑ میں سرحدی علاقوں میں کیے گئے خفیہ آپریشنز میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔آپریشن میں ہلاک ہونے والوں میں محمد بلال عرف ابو بکر مہاجر کوچائی شامل ہے، جو ممنوعہ گروہ کاروان سیف العمر سے وابستہ تھا۔ وہ کابل کے علاقے قرہ باغ کا رہائشی اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا میں سرگرم تھا۔

پشاور کے بالا حصار فورٹ میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ نے خیبر ڈسٹرکٹ کے عمائدین کا اہم جرگہ طلب کیا، جس میں علاقائی سیکیورٹی، امن و امان اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جرگے نے اس بات پر زور دیا کہ عوام اور فورسز کے باہمی تعاون سے ہی پائیدار امن ممکن ہے۔

پاکستان نے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث افغانستان کے ساتھ سرحدی گزرگاہوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ سرحدیں اسی وقت کھولی جائیں گی جب افغان حکام ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں گے۔سرحد بندش سے ہزاروں گاڑیاں دونوں جانب پھنس چکی ہیں، تاہم انسانیت کی بنیاد پر محدود آمدورفت جاری ہے۔

نوشہرہ کے علاقے بینظیر گڑھی پبی میں ایک خواجہ سرا سلمان عرف کھکولا اور اس کے ساتھی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں لاشوں پر متعدد گولیوں کے نشانات تھے۔ دونوں کو رات گئے گھر سے نکال کر لے جایا گیا تھا۔
پولیس موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات کر رہی ہے۔

روجھان جمالی کے علاقے میر ہزار میں 36 انچ گیس پائپ لائن پر دھماکے سے پنجاب جانے والی سپلائی متاثر ہوئی۔
سیکیورٹی فورسز اور تکنیکی ٹیموں نے علاقے کو سیل کر کے مرمت کا آغاز کر دیا ہے۔

شیپچہار کے پہاڑی علاقے میں مبینہ طور پر بی ایل ایف کے حملہ آوروں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، دشت کے علاقے میں مبینہ بی ایل ایف نے فوجی قافلے پر حملہ کیا۔ہیلی کاپٹرز کو طلب کر کے علاقے کو سیل کر دیا گیا، تاہم سرکاری سطح پر دعویٰ کی تصدیق نہیں ہوئی۔ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی پر حملہ کر کے املاک کو نقصان پہنچایا۔کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ڈیرہ بگٹی میں ایک گھر کے باہر نصب بارودی مواد پھٹنے سے املاک کو نقصان پہنچا، مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

فیصل آباد پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سابق ریاست مخالف عنصر محمد آصف جٹ کو مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا۔علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن مکمل کیا گیا،محمد آصف جٹ کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور اسکی ریاست کو دھمکیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل تھیں.

Shares: