وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ کل پورے پاکستان سے ترنول چوک پہنچ جائیں اور تحریک انصاف کے جلسے کو کامیاب بنائیں۔ علی امین گنڈاپور نے ترنول جلسے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ عدالت سے حاصل کردہ این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کو کمشنر اسلام آباد نے منسوخ کر دیا ہے، جو کہ وفاقی حکومت کی فسطائیت، جبر اور غیر قانونی اقدامات کا حصہ ہے۔وزیراعلیٰ نے اس فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کل 3 بجے تک صوابی انٹرچینج پہنچ جائیں اور تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہوں۔علی امین نے کہا کہ کہ ہم ہر صورت میں جلسہ کریں گے، چاہے وفاقی حکومت اور اس کے ادارے ہمیں روکنے کی کتنی ہی کوشش کیوں نہ کریں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا، "یہ عدالتوں کا احترام نہیں کرتے، لیکن کل کا دن ثابت کرے گا کہ طاقت عوام کی ہے یا ان مینڈیٹ چوروں کی۔” انہوں نے مزید کہا کہ کل کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن موڑ ہو سکتا ہے، جب قوم اپنی حقیقی قیادت، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کی قیادت کا انتخاب کریں اور ان کی آواز کو دبانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ "قوم حق، آئین اور آزادی کے لیے کھڑی ہے اور ہم اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔”علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کل کا جلسہ ایک مضبوط پیغام ہوگا کہ عوام کسی بھی جبر کے آگے نہیں جھکیں گے اور اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کارکنان سے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم سب متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اس بیان نے سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے، اور ترنول چوک پر ہونے والا جلسہ سیاسی اہمیت کا حامل بن چکا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اور وفاقی حکومت کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے باعث، یہ جلسہ ملک کی سیاسی صورتحال میں اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

Shares: