خیبرپختونخوا حکومت نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

0
63
peshawar highcourt

خیبرپختونخوا حکومت نے 9 مئی 2023 کے متنازعہ واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ صوبائی حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو باضابطہ طور پر خط لکھ کر ایک جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست کی ہے۔وزیر قانون خیبر پختونخوا، آفتاب عالم نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کو بھیجے گئے خط میں 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب چیف جسٹس اس کمیشن کے لیے ججوں کے ناموں کا اعلان کریں گے، جس کی سربراہی پشاور ہائیکورٹ کے ایک سینئر جج کریں گے۔
یہ اقدام 27 جون کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں لیے گئے فیصلے کے مطابق اٹھایا گیا ہے، جہاں 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کی منظوری دی گئی تھی۔ اس موقع پر حکومت نے عزم ظاہر کیا تھا کہ وہ ان واقعات میں ملوث تمام افراد کی شناخت کرے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صوبے میں حکومت سنبھالتے ہی یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے گی۔ اب اس وعدے پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے یہ عملی قدم اٹھایا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس انکوائری کے نتائج کا انتظار کریں گے اور اس کی سفارشات پر مکمل عمل کریں گے۔ دوسری جانب، اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے، لیکن ساتھ ہی انکوائری کی شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

Leave a reply