خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کی مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز

cm kpk

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کے نام ایک خط میں مسائل حل کرنے کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ خط صوبے کی دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بھی ارسال کیا گیا ہے، جس کا مقصد وفاق سے منصفانہ وسائل کی تقسیم اور صوبائی حقوق کے حصول کے لیے یکجہتی پیدا کرنا ہے۔خط میں گورنر نے بتایا کہ وہ "یونائیٹڈ ٹاسک فورس” کے قیام کی تجویز پیش کر رہے ہیں، جس کے تحت گورنر ہاؤس اس ٹاسک فورس کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ اس ٹاسک فورس کی ترجیحات میں آئل اینڈ گیس ایکسائز ڈیوٹی، این ایف سی ایوارڈ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور دیگر حقوق کا حصول شامل ہوگا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اس یونائیٹڈ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس پشاور میں گورنر ہاؤس میں منعقد کیا جائے گا، جہاں مشترکہ "چارٹر آف ڈیمانڈ” تیار کر کے وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا۔خط کے متن کے مطابق، گورنر نے کہا کہ جب سے انہوں نے منصب سنبھالا ہے، وہ صوبے کی ہر سیاسی قیادت کے پاس خود گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ آواز اٹھانے اور جدوجہد کرنے کے لیے یہ ٹاسک فورس مفید ثابت ہوگی۔یہ خط پی ٹی آئی کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، جے یو آئی، ایم ڈبلیو ایم، ٹی ایل پی، پاکستان مسلم لیگ، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین، مزدور کسان پارٹی، جے یو آئی (س)، جماعت اسلامی، پاکستان پیپلز پارٹی، اور جے یو آئی (نورانی) کی قیادت کو بھی بھیجا گیا ہے۔ یہ اقدام صوبے کے حقوق کی تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے اور سیاسی اتحاد کے قیام کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

Comments are closed.