پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے وسائل سے 63 میگاواٹ کے تین پن بجلی منصوبے کامیابی سے مکمل کر لیے۔

سیکرٹری توانائی و برقیات نثار احمد کی زیرصدارت پیڈو ہاؤس میں پن بجلی کے جاری 7 اہم منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا نثار احمد نے کہا کہ سوات کوریڈور پر 40 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے کام میں تیزی لائی گئی، جو آئندہ سال مکمل کر لی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹو پیڈو حبیب اللہ نے بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال 63میگاواٹ کے 3پن بجلی منصوبے مکمل کیے،جن کی بدولت صوبے کو سالانہ 4.4 ارب روپے آمدن حاصل ہو گی ان منصوبوں سے صنعتی شعبے کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جن میں 40.8 میگاواٹ کوٹو دیر، 11.8 میگاواٹ کروڑہ شانگلہ اور 10.2 میگاواٹ جبوڑی مانسہرہ شامل ہیں 300 میگاواٹ بالاکوٹ مانسہرہ، 157 میگاواٹ مدین سوات، 88 میگاواٹ گبرال کالام۔ 84 میگاواٹ ملتان سوات، 69 میگاواٹ لاوی چترال اور 6.9 میگاواٹ مجاہدین پاور پراجیکٹ تورغر پر بھی کام جاری ہے۔

سیکرٹری توانائی نے ضلع سوات میں توانائی کے 3 فلیگ شپ منصوبوں پر کام کی سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے 330 میگاواٹ بجلی کی پیداوار آئندہ دو برسوں میں شروع کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے،انہوں نے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کر لیے جائیں بصورت دیگر کسی بھی قسم کی تاخیر ناقابل قبول ہو گی، محکمہ توانائی موجودہ صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت گین چارٹ کے ذریعے تمام منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کر رہا ہے اور پیڈو افسران کو ٹیم ورک کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Shares: