پشاور: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت تاریخ کے بلند ترین خزانے پر بیٹھی ہے۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے پنجاب کے کسانوں کے معاشی مسائل پر بات کی۔مزمل اسلم نے کہا کہ پنجاب کے کسان اپنے معاشی مسائل کے حل کی تلاش میں ہیں اور انہیں احساس ہے کہ ان کے حقوق کی پامالی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے مریم نواز نے اپنے خطاب میں کے پی حکومت کو نشانہ بنایا، جبکہ کسانوں نے ان کی طرف سے جاری کیے جانے والے کسان کارڈ کو مسترد کر دیا ہے۔اسلم نے پنجاب کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے میں پیداوار میں 58 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں کارخانے بند ہو رہے ہیں اور راولپنڈی کے سرکاری اسکول فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔
مزمل اسلم نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ "کیا پنجاب حکومت نے کتنے سولر پینل لگائے ہیں یا کتنے ٹریکٹر تقسیم کیے ہیں؟” انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پنجاب کے کسانوں سے 20 ارب روپے کی نقد گندم خریدی ہے۔مزمل اسلم کے مطابق، خیبرپختونخوا کی حکومت نے پہلے چھ ماہ میں صحت کارڈ کے تحت 15 ارب روپے خرچ کیے ہیں، جس سے 4 لاکھ مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت کے اقدامات نے عوام کی فلاح و بہبود میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

Shares: