سندھ حکومت کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم کی سیاسی حکمت عملی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو پہلے سے معلوم تھا کہ انہیں بلدیاتی انتخابات میں ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی، اس لیے انہوں نے الیکشن لڑنے کی ہمت ہی نہیں کی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عوام نے ایک سیاسی جماعت کو مسترد کر دیا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا مطلب عوام کی رائے کو نظرانداز کرنا ہے، جو کسی بھی جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔سندھ کے سینئر وزیر نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کلائمیٹ چینج کا موضوع اہمیت اختیار کر چکا ہے، اور موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی تاکہ قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکے۔

شرجیل میمن نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی مکمل انتظامیہ انتخابات کے دوران سڑکوں پر موجود تھی اور کسی بھی کوتاہی کو فوری دور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اولین فرض ہے کہ عوام کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت نہ ہو۔

اس کے علاوہ، شرجیل میمن نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی اموات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا .

Shares: