پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف علاقوں میں آج سے بارشوں اور برفباری کے امکانات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 5 نومبر تک صوبے کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکی اور درمیانی شدت کی بارشوں کے ساتھ بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ متعلقہ محکموں کو مشینری، ریسکیو ٹیموں اور ایمرجنسی اسٹاف کو ہمہ وقت تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جاسکے۔ادارے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے نتیجے میں بعض مقامات پر سڑکوں کی بندش کا امکان ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محکمہ موسمیات و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ ادارے اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے الرٹ پر ہیں، جبکہ عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ کسی بھی مشکل کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں کی جائیں گی۔








