خیبر پختونخواہ ضلع سوات کی رہائشی 24سالہ خاتون علاج کیلئے لاہور جنرل ہسپتال پہنچ گئی۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پالیسی "صحت سب کیلئے "کے تحت مریضہ کا مہنگا ٹیسٹ مفت کیا گیاہے۔
ضلع سوات کی رہائشی ثناء کو امراض معدہ اور غذائی نالی میں حرکت پذیری کی تشخیص کیلئے ایل جی ایچ لایا گیا۔ ڈاکٹرز نے تفصیلی چیک اپ کے بعد مریضہ کی بیماری کی تشخیص کیلئے مینو میٹری ٹیسٹ تجویز کیا۔ ڈاکٹرز کا تجویز کردہ مہنگا ٹیسٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی پالیسی کو یقینی بناتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے مریضہ کا ٹیسٹ فوری مفت کروا دیا۔
یاد رہے کہ نجی شعبے میں مینو میٹری انتہائی مہنگے داموں میں شمار ہوتا ہے۔ ثناء کے اہل خانہ نے بتایا کہ ضلع سوات میں اس ٹیسٹ کی سہولت میسر نہیں تھی، جس پر وہ پنجاب کے ہسپتال ایل جی ایچ میں آئے ہیں۔ پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت ہسپتال انتظامیہ نے فوری مفت ٹیسٹ کروا کے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو دعائیں بھی دیں۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ہمارے ہسپتال کے دروازے تمام مریضوں کیلئے یکساں کھلے ہیں اور مریضوں کو بہترین و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جنرل ہسپتال کے ہیلتھ پروفیشنلز کی اولین ترجیح ہے۔








