وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بارش و سیلاب سے صوبے میں ہونے والے جانی نقصان پر کل سوگ کا اعلان کر دیا۔
کل صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا.وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بتایا ہے کہ باجوڑ میں امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث کریش ہوا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے، حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہداء کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے رابطہ کیا ہے،وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی اے ایم لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا میں بھرپور امدادی کارروائیاں کی جائیں،شہباز شریف نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا میں امدادی سرگرمیوں کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا حکومت سے امدادی سرگرمیوں کے لیے رابطے میں رہیں۔