پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما انور خان نے علی امین گنڈا پور کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج ہونے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انور خان نے کہا کہ ایک عوامی منتخب وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے صوبائی صدر کے خلاف پنجاب میں دہشتگردی کے الزامات لگا کر مقدمہ درج کیا گیا، جو کہ قابلِ افسوس ہے۔انور خان نے کہا کہ "ہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف اس بے بنیاد مقدمے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کی کوئی علامت نہیں رہی، اور وہ لوگ جو آئین کا درس دیتے ہیں، وہ خود سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہ ماننے والوں کو آئین اور ملک سے غداری کا مرتکب قرار دیا اور کہا کہ آج ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط کر دی گئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات جمہوری اصولوں کے منافی ہیں اور ملک کو مزید بحرانوں میں دھکیل سکتے ہیں۔








