خیبرپختونخوا کے دو اضلاع میں دہشتگرد حملوں میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں

ضلع خیبر میں دہشتگردوں نے باڑہ کے نالہ جوائنٹ پوسٹ پر حملہ کیا جس میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، ایک اور واقعہ میں ٹانک میں ڈیرہ روڈ پر پولیس لائن پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کےنتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے ، سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کر دیا گیا

پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے،علاقہ بھر میں سخت ناکہ بندی کی گئی ہے، دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن وسیع کر دیا گیا ہے،

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نےٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس لائنز اور ضلع خیبر میں پولیس اور فرنٹیئر کور کی مشترکہ چیک پوسٹ پر پر دھشتگردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے،وزیرِ اعظم نے دھشتگردوں کے ٹانک پولیس لائنز میں شر پسندی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دھشتگردی کے عفریت کے پاکستان سے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھیں گے.مجھ سمیت پوری قوم، ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے.پاکستان کے بہادر عوام دھشتگردی کی اس جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں.

قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔شہباز شریف
سابق وزیراعظم،مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ٹانک، خیبرپختونخوا میں پولیس لائنز پر خودکش دھماکے اور ضلع خیبر میں پولیس اور فرنٹیئر کور کی جوائنٹ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی انتہائی افسوسناک اطلاع پر شدید دکھ ہوا۔ہم دہشتگردی کے ان واقعات کی بهرپور مذمت اور شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔پولیس، ایف سی، اور پاک افواج کے جوان اور افسران اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔شہباز شریف

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے دو اضلاع میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے،بلاول بھٹو زرداری نےٹانک اور خیبر میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ حکومت دہشتگردی میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے .

پوری قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے، فردوس عاشق اعوان
استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان، سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ضلع خیبر کی جوائنٹ پوسٹ اور ٹانک میں پولیس لائن پر حملوں میں چار اہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع نے ایک اور صبح کو سوگوار بنا دیا۔ ملک میں امن و سلامتی کی مکمل بحالی تک دہشت گردی کا ہر امتحان ہمیں بطور قوم مزید متحد اور مضبوط کرنے کا باعث ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی اپنے سیکیورٹی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین رکھتی ہے کہ جلدی ہی دہشت گردی کے ان شعلوں کو ہمیشہ کے لئے ٹھنڈا کر کے ملک کو امن و سلامتی کا گہوارا بنایا جائے گا۔ پوری قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہیں۔

Shares: