خیبر پختونخوا میں ایچ آئی وی ایڈز کی بڑھتی ہوئی شرح کے تناظر میں آپریشنز سے قبل مریضوں کا ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ کو لازمی قرار دے دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبر پختونخوا نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کو ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ کو لازمی قرار دینے کے حوالے سے مراسلہ بھجوا دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ہر قسم سرجری سے قبل ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ لازمی قرار دیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر شوکت کے مطابق صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز کے بڑھتی ہوئی شرح کے تناظر میں یہ احکامات جاری کئے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر شوکت کے مطابق یہ فیصلہ عوام کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے جس کا مقصد ایڈز کے پھیلاو کو روکنا اور آلات جراحی کے استعمال کو محفوظ بنانا ہے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ سکریننگ کے زریعے ڈاکٹرز کو یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ اگر کسی کو ایچ آئی وی ایڈز یا کالا یرقان ہے تو اس کیلئے علیحدہ آلات جراحی کا استعمال کیا جائے۔ان کا مزید کہنا ہے ایچ آئی وی ایڈز کے متاثرہ افراد کیلئے علیحدہ یا خصوصی آپریشن تھیٹرز کے انتظام سے ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کا بہتر علاج ممکن ہو سکے گا۔واضح رہے کہ صوبہ بھر میں اس وقت ایچ آئی وی ایڈز رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 6300 ہے جبکہ محکمہ صحت کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔