گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، ڈویژنل بیوروچیف شاہد ریاض سے)ڈسکہ میں سانحہ سوات کے متاثرہ خاندانوں کو خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے 2 کروڑ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل امین گنڈاپور، معروف وکیل سلمان اکرم راجہ، ریحانہ ڈار اور دیگر شخصیات نے چیکس متاثرہ خاندانوں کے حوالے کیے۔

اس موقع پر جاں بحق ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ فیصل امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ خود ڈسکہ آنا چاہتے تھے، تاہم موجودہ حالات کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔

فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ "ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور ہماری حکومت صرف ایک صوبے تک محدود ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ جو نقصان ہوا، اس کی مکمل تلافی ممکن نہیں، مگر ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔”

اس موقع پر وکیل اور رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ "عمران خان اس وقت جیل میں ہیں کیونکہ وہ عوام کے درد کو سمجھتے ہیں۔ وہ پاکستان کو صرف اشرافیہ کا نہیں، بلکہ عوام کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا مشن عوام کی خدمت ہے اور ہم اسی پر عمل پیرا ہیں۔”

پی ٹی آئی قیادت نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے غم میں شریک ہونے کا اعادہ کیا اور حکومت خیبر پختونخواہ کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔

Shares: