پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی، شیر افضل مروت اور عثمان بیٹنی کی سپیکر ہاؤس آمد ہوئی۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی، سابق گورنر شاہ فرمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً خیبر پختونخوا میں حکومت سازی پر گفتگو کی گئی، اس موقع پر علی امین گنڈاپور کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے سپیکر ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین خان گنڈا پور کا سپاہی ہوں، علی امین خیبر پختونخوا میں تمام مذاہب و مکاتب فکر کا سہارا بنے گا۔شہریار آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی محرومیاں دور کی جائیں گی، وفاق سے صوبے کا حق لیا جائے گا، ضم اضلاع کے رہائشی ابھی بھی آزمائش سے گزر رہے ہیں، علی امین گنڈا پور سے امید ہے کہ وہ چاروں صوبوں کے مابین پل کا کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک لوٹنے والوں کو قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر مثال بنائیں گے، ملک بھر میں دوسری جماعتوں کے لوگوں نے بھی تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا۔

Shares: