کے پی او حملہ:فارنزک مکمل،اہم انکشافات کی توقع

breaking

کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں جس میں حکام مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں۔تفتیشی حکام کے مطابق دہشتگردوں کے زیراستعمال گاڑی کا فارنزک مکمل کرلیا گیا ہے، فارنزک کے دوران حملہ آوروں کے 5 فنگرپرنٹس حاصل کیے گئے جن کا نادرا سے ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

تفتیشی حکام کا بتانا ہےکہ دہشتگردوں کے زیراستعمال گاڑی سےحملہ آوروں کے جوتے، ٹوپی، اجرک، موزے اور رومال ملا ہے جب کہ رسی، پلاسٹک کی چٹائی، کلاشنکوف کا میگزین اور بوری بھی گاڑی سے برآمد ہوئی۔تفتیشی حکام کے مطابق گاڑی کے اصل مالک کا ابھی تک سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی حملے کے الزام کراچی پولیس آفس (کے پی او ) حملہ کیس میں بھتیجے نے چچا کو دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دیتے ہوئے گرفتار کروا دیا۔پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے ایک کالر نے نارتھ کراچی میں کے پی او حملے میں ملوث دہشت گردوں کے سہولت کار کی موجودگی کی اطلاع دی، پولیس نے فوری کارروائی کر کے رہائشی غلام رضا کو حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ کال کرنے والا شخص غلام رضا کا بھتیجا ہے، غلام رضا نے بتایا کہ ان کی خاندانی دشمنی چل رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے تحقیقات کے بعد زیر حراست شخص کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد سے کالر نے موبائل فون بند کر دیا ہے، کالر کسی اور کے نام کی سم استعمال کر رہا ہے، کالر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل دہشت گردوں نے کراچی پولیس آفس پر حملہ کیا تھا جس میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ فورسز کے 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوئے تھے

Comments are closed.