کراچی پولیس آفس پر حملہ،اعلیٰ سطحی اجلاس طلب

karachi police office

کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی ممین نے کراچی پولیس آفس پر حملے کے حوالے سے آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

باغی ٹی وی: اجلاس میں سندھ بھر میں سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا، صوبے میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے،اجلاس میں سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور فارن سیکیورٹی سیل کے افسران شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ ٹریننگ، فنانس، ایس ایس یو اور ریپڈ رسپانس فورس کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، رینج ڈی آئی جیز اور سندھ بھر کے ایس ایس پیز بھی طلب کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب کراچی پولیس آفس کے اطراف کی جیو فینسنگ کے ذریعے تحقیقات شروع کر دی گئی جیو فینسنگ میں حملے کے وقت 100 سے زائد نمبروں کو مشکوک قرار دیا گیا، تمام نمبروں کے کوائف اور دیگر ضروری معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 سے 12 نمبر حملے کے بعد سے بند ہیں، بند نمبروں سے بیرون شہر کا بھی کال ڈیٹا ملا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی پولیس چیف کے دفتر پر گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ذوالفقار لاڑک کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔

پانچ رکنی کمیٹی کراچی پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی تحقیقات اور تفتیش کرے گی جبکہ کمیٹی کے چیئرمین معاملے کی تحقیقات میں تعاون کیلئے مزید ممبرز کو بھی شامل کر سکتے ہیں۔

Comments are closed.