جامعہ کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے طلبہ و اساتذہ کو سوگوار کر دیا، جہاں سماجی بہبود سال دوئم کی طالبہ انیقہ سعید پوائنٹ سے گر کر جاں بحق ہوگئیں۔ یہ حادثہ شعبہ ریاضیات کے سامنے اس وقت پیش آیا جب وہ یونیورسٹی پوائنٹ پر اُتر رہی تھیں۔

عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ جیسے ہی انیقہ سعید بس سے اُترنے لگیں، ڈرائیور نے گاڑی اچانک چلا دیا، جس کے نتیجے میں وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور زمین پر گر کر بس کے ٹائروں تلے آ گئیں۔ موقع پر موجود طلبہ نے فوراً ڈرائیور کو روکا، تاہم انیقہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شعبہ ٹرانسپورٹ کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو معطل کر دیا ہے اور واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے جاں بحق طالبہ کے والدین سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "انیقہ سعید کی ناگہانی موت پورے جامعہ خاندان کے لیے صدمہ ہے۔ ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔”

Shares: