کل مسالک علماء بورڈ کا محرم الحرام میں قیام امن کیلئے 10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

0
41

کل مسالک علماء بورڈ کا محرم الحرام میں قیام امن کیلئے 10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

کل مسالک علماء بورڈ نے محرم الحرام میں قیام امن کیلئے 10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے، ضابط اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ملک کی تمام مذہبی قوتیں ہر سطح پرکل مسالک علماء بورڈ کے پلیٹ فارم سے حکومت اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ تعاون کریں گی،

جامع مسجد کبریٰ نیوسمن آباد لاہور میں کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانامحمدعاصم مخدوم نے میڈیا کو ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ وارانہ فسادات نے پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلاکرکے رکھ دیاہے جوں جوں محرم الحرام قریب آتاہے مسلکی حساسیت بڑھتی جاتی ہے کل مسالک علماء بورڈ پاکستان کا واحد کل مسالک پلیٹ فارم ہے جو بلارنگ و نسل و مکتبہ فکر انتہاپسندی کے خلاف سرگرم عمل ہے، اجلاس میں متفقہ ضابطہ اخلاق کے اہم نکات حسب ذیل ہیں 

1۔مذہب یا مسلک کے نام پر فرقہ واریت اور دہشت گردی خلاف اسلام اور خلاف قانون ہے

2۔کسی بھی مسلمان فرقے کی تکفیر جائز نہیں۔آئین پاکستان میں مسلمان کی تعریف تمام اکابر کے درمیان متفق علیہ ہے،

3۔مقدس شخصیات میں کسی کی توہین یا تحقیر کرنا جرم ہے،حکومت ایسے لوگوں کے خلاف کاروائی کرئے،

4۔علماء کرام محرم الحرام کے پروگرامات،تقریبات اور خطبات جمعہ میں بین المسالک ہم آہنگی پر تفصیلی گفتگو فرمائیں،

5۔محرم الحرام میں اہل سنت اور اہل تشیع ایک دوسرے کو اپنے اپنے پروگرامات میں دعوت دیں تاکہ سماجی تعلقات سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہو،

6۔مذہبی رسائل،اخبارات،پمفلٹس،سوشل میڈیا وغیرہ میں منافرت پر مبنی شرانگیز مواد اور فساد برپاکرنیوالی تقریروں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

7۔مسلکی ہم آہنگی کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات،علماء کے بائیس نکات اور آئین پاکستان میں موجود قوانین پر عمل درآمد کیا جائے۔

8۔ فرقہ واریت پھیلانے والے مذہبی راہنماوں کوشر انگیز تقاریر سے روکا جائے اور مستقل طور پر ان کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے،قومی ایکشن پلان پر بلا تفریق مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

9۔مجالس اور جلوسوں کے اوقات کی پابندی کی جائے اور جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات کے تحفظ کے لیے حکومت اور مقامی ذمہ داران کے درمیان رابطوں کا مؤثر نظام بنایا جائے۔

10۔کل مسالک علماء بورڈ کے خطباء مساجد،قائدین وارکان کے لئے اتحاد امت کا بیانیہ مفت تقسیم کیا جائے گا، چاروں صوبوں اور ڈویژنل اور ضلعی مقامات پر محرم الحرام کے دوران اتحاد امت کانفرنسز کا انعقاد کرکے اس میں اتحاد امت کے بیانیہ کو فروغ دیا جائے،

مولانا محمدعاصم مخدوم نے کہاکہ کل مسالک علماء بورڈ کے تحت ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ہر سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی، وزیر اعظم پاکستان، وزیر داخلہ، چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، چیف سیکرٹریز،آئی جیز،ہوم سیکرٹریز، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کیلئے تعاون کریں

Leave a reply