کرم (باغی ٹی وی) کرم میں قافلے پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 2 ہو گئی ہے، جبکہ لاپتہ 4 ڈرائیورز کی لاشیں ملنے کے بعد شہید ڈرائیورز کی تعداد 7 تک پہنچ گئی۔

پولیس کے مطابق حملے کے دوران دہشتگردوں نے قافلے کو نشانہ بنایا، جس میں پہلے ایک اہلکار شہید اور تین ڈرائیور جاں بحق ہوئے۔ بعد ازاں لاپتہ ہونے والے پانچ ڈرائیورز میں سے چار کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے حملے کے بعد ٹرکوں کو لوٹ کر جلا دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوکت علی کے مطابق حملے سے قافلے کی تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

یہ امدادی قافلہ 35 مال بردار گاڑیوں پر مشتمل تھا، جس میں دوائیں، سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے خوردونوش شامل تھیں۔ قافلے کی حفاظت کے لیے پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی، تاہم دہشتگردوں نے راکٹ اور فائرنگ سے قافلے کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ اس واقعے کے بعد کرم جانے والے قافلے کو روک کر واپس روانہ کر دیا گیا۔

Shares: