سیالکوٹ: نیکاپورہ میں فائرنگ کے تبادلے میں لاہور کے دو خطرناک ڈاکو ہلاک
سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) لاہور میں پچاس سے زائد وارداتوں میں ملوث دو خطرناک ڈاکو سیالکوٹ کے علاقے نیکاپورہ میں ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو نیکاپورہ میں ایک نجی سکول کے باہر واردات کی کوشش کر رہے تھے۔ سکول کے سیکیورٹی گارڈ کی مداخلت پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او نیکاپورہ اکرم شہباز پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
سیکیورٹی گارڈ نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس سے دونوں ڈاکو زخمی ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو لاہور میں درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کی ہلاکت سے عوام میں خوف و ہراس کا خاتمہ ہوگا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔