اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (خان قیوم خان) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور بھٹی نے ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال کو انتہائی تکلیف دہ آزمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1948 میں قائداعظم محمد علی جناح نے کالا باغ ڈیم بنانے کی ہدایت کی تھی۔ وہ جانتے تھے کہ بھارت کسی بھی وقت پاکستان پر آبی جارحیت کر سکتا ہے۔ 1948 میں بھی بھارت نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روک دیا تھا۔
فیصل انور نے کہا کہ دشمن ملک بھارت کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان کالا باغ ڈیم پر کام کا آغاز کرے۔ اگر ہم نے آج بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ ماضی میں جس جس نے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کی انہوں نے جانے انجانے میں ملک دشمن قوتوں کا ساتھ دیا۔
مسلم لیگ قیوم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہماری صفوں میں دراڑ ڈال کر خود کشن گنگا ڈیم تعمیر کر لیا تاکہ پاکستان کا پانی روکا جا سکے. بھارت نے کالا باغ ڈیم منصوبہ رکوانے کے لیے ہر بار ایک نئی سازش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم سے 4500 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جو ملک میں سب سے سستی بجلی ہوتی۔