نگار چوہدری کے شوہر سے 10 کلو کوکین برآمد، اداکارہ کا پولیس پر سازش کا الزام

لاہور (باغی ٹی وی) اسٹیج اداکارہ نگار چوہدری کے شوہر عمار بٹ سے 10 کلو کوکین برآمدگی کیس میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ سی آئی اے پولیس نے عمار بٹ کو دو ماہ قبل وحدت کالونی سے ایک گاڑی کے ساتھ گرفتار کیا تھا جس میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق دوران چھاپہ نگار چوہدری کی رہائش گاہ سے بھی منشیات برآمد کی گئی، جس کے حوالے سے ایک ویڈیو ثبوت بھی سامنے آئی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم عمار بٹ نے جرم کا اعتراف کیا ہے اور اس سے متعلق نمونے فرانزک لیب کو بھیج دیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمار بٹ، جو کہ بیرون ملک چھ سال تک جیل میں قید رہ چکے ہیں، ایک خطرناک منشیات کے نیٹ ورک سے وابستہ ہیں۔ پولیس نے کہا کہ منشیات کی بڑی مقدار کی برآمدگی ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ تھی جسے عمار بٹ نے خفیہ طور پر جاری رکھا ہوا تھا۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ نگار چوہدری نے اپنے شوہر کو بچانے کے لیے پولیس پر الزام تراشی شروع کر دی ہے اور ملزم کو سزا سے بچانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

دوسری طرف نگار چوہدری نے تمام الزامات کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کو ایک سازش کے تحت ملوث کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سازش اداکارہ نرگس اور ان کے ساتھی ماجد بشیر کی ایما پر کی گئی۔ اپنے وکیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نگار چوہدری نے دعویٰ کیا کہ سی سی پی او لاہور کی انکوائری میں ان کی بےگناہی ثابت ہوئی اور ان پر عائد الزامات بےبنیاد ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر کو غلط طور پر منشیات کیس میں پھنسا کر گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف ناجائز مقدمہ بنایا گیا۔

نگار چوہدری نے الزام لگایا کہ اداکارہ نرگس اور ان کے ساتھیوں نے کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت ان کے شوہر کو نشانہ بنایا تاکہ انہیں ذہنی اذیت دی جا سکے۔ اداکارہ نے کہا کہ پارٹیوں میں نہ جانے اور ناجائز مطالبات نہ ماننے کی وجہ سے انہیں سازش کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

نگار چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے درخواست کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے شوہر کے خلاف درج مقدمہ ختم کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ان کے گھر سے ضبط کیا گیا سامان واپس دلایا جائے اور ان کے خلاف سازش میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

Comments are closed.