لاہور شہر میں گینگ وار کے خطرات میں کمی آگئی ہے اور دو بڑے دشمن دار خاندانوں کے درمیان صلح کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔

یہ صلح خواجہ تعریف بٹ عرف طیفی بٹ کے گھر پر ہوئی، جس میں طیفی بٹ گروپ اور قیصربٹ گروپ کے درمیان تعلقات کی دراڑوں کو ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ذرائع کے مطابق، اس صلح کی تقریب میں اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں شفقت بگا بٹ، اسرار بٹ اور تاجر رہنما شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں گروپوں کے درمیان لڑائیوں اور دشمنیوں کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا۔یہ صلح اس وقت ایک اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے جب طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے سلسلے میں قیصر بٹ کو نامزد ملزم قرار دیا گیا تھا۔ اس قتل کے واقعہ نے دونوں گروپوں کے درمیان تناؤ کی فضا پیدا کی تھی، جسے اب ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، قیصربٹ گروپ نے امیر بالاج ٹرکاں والا گروپ سے اپنی لاتعلقی کا باضابطہ طور پر اعلان کیا، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ قیصربٹ گروپ نے اپنی پوزیشن صاف کر لی ہے اور اب اس گروپ کا کوئی تعلق امیر بالاج کے ساتھ نہیں ہے۔

Shares: