لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران تین مسافروں کے قبضے سے ایک اعشاریہ چھ ایک صفر (1.610) کلوگرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی۔

اے ایس ایف کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی اُس وقت عمل میں آئی جب لاہور سے جدہ جانے والے تین مشتبہ مسافروں کے سامان اور جوتوں کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران اے ایس ایف اہلکاروں کو مسافروں کے جوتوں اور بیگز میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی آئس ہیروئن ملی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان منشیات کو سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم اے ایس ایف اہلکاروں نے مشکوک حرکات دیکھ کر ان کی جامع تلاشی لی، جس کے نتیجے میں منشیات برآمد ہوئی۔گرفتار تینوں ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اے ایس ایف حکام کے مطابق ایئرپورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے چوکسی مزید بڑھا دی گئی ہے، اور جدید اسکیننگ ٹیکنالوجی کے ساتھ تربیت یافتہ اہلکار ہر پرواز کے مسافروں اور ان کے سامان کی باریک بینی سے جانچ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔ذرائع کے مطابق برآمد شدہ آئس ہیروئن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

Shares: